بی سی سی آئی ٹکنیکل کمیٹی کا کولکتہ میں 7 اپریل کو اجلاس

ممبئی ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کی ٹکنیکل کمیٹی جس کی قیادت سابق ہندوستانی کپتان انیل کمبلے کررہے ہیں، اُس کی میٹنگ کولکتہ میں 7 اپریل کو طئے ہے جبکہ اُسی روز بعد میں انڈین پریمیر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہونے والی ہے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع کے بموجب اس میٹنگ کو اس لئے طلب کیا گیا ہے کہ رانجی کپتانوں اور کوچس کی 15 مارچ کو دہلی میں منعقدہ میٹنگ میں پیش کردہ تجاویز پر غوروخوض کیا جائے ۔ ایک اہم مسئلہ جو زیرغور ہونے کی توقع ہے وہ ڈومیسٹک سید مشتاق علی ٹی ٹوئنٹی چمپیئن شپ کے انعقاد کا وقت ہے ۔ یہ ٹورنمنٹ موجودہ طورپر کٹک میں جاری ہے ۔

پیٹرسن کو انگلش ٹیم میں واپس طلب کرنے پر غور نہیں ہورہا: کوچ
لندن ۔ 2 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) کیون پیٹرسن انگلینڈ ٹیم میں واپس طلبی کیلئے زیرغور نہیں ہے ، یہ بات کوچ پیٹر موریس نے آج اخباری نمائندوں کو بتائی جبکہ اُن کا اسکواڈ ویسٹ انڈیز کیلئے پرواز کی تیاری میں ہے۔ موریس نے ایرپورٹ پر میڈیا کانفرنس کو بتایا کہ جہاں تک میری معلومات ہے کیون اس سفر کا حصہ تو نہیں ہے ، لہذا مجھے کیون پر توجہ مرکوز کرنے کی بالکلیہ ضرورت نہیں۔ میری توجہ کیپٹن الیسٹر کک کی ممکنہ حد تک مدد کرنے پر مرکوز ہے اور ساتھ ہی ٹور پر موجود 16 کھلاڑیوں پر توجہ دینا بھی میری ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا میرے نقطہ نظر سے کیون انگلینڈ کی منصوبہ بندی کا حصہ نہیں ہے ۔