م31 ارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل کرتے ہوئے بی سی سی آئی نے آج اُن تمام افراد کو نوٹسیں جاری کردی ہیں جو کہ انڈیا سمنٹ یا اس سے مربوط دیگر کمپنیوں کے ملازمین ہونے کے علاوہ کرکٹ بورڈ میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ پر کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے ذرائع نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو مطلع کیا ہے کہ انڈیا سمنٹ کے ملازمین جو کہ بی سی سی آئی میں بھی شامل ہیں انہیں بورڈ نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے علاوہ اپنے فیصلے سے بھی آگاہ کردیا ہے ۔ اہم شخصیتوں میں ٹاملناڈو کرکٹ اسو سی ایشن کے سکریٹری اور سرینواسن کے قریبی ساتھی کاشی وشواناتھن جو کبھی نیشنل کرکٹ اکیڈیمی کے نیو ایریا ڈیولپمنٹ سب کمیٹی کے صدر بھی تھے وہ دو برس قبل سبکدوش ہوئے ہیں انہیں سپریم کورٹ کے فیصلہ سے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ وشوانادھن کے علاوہ انڈیا سمنٹ کے جس عملہ کو بی سی سی آئی کے عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے ان میں ہندوستانی ٹیم کے لجسٹک منیجر ایم اے ستیش، انڈین پریمیر لیگ کے چیف فینانشیل آفیسر پرسنا حنان ، ٹی این سی اے کے جوائنٹ سکریٹری آر آئی پلانی اور ٹی این سی کے نائب صدر پی ایس رمن قابل ذکر ہیں۔ دلچسپ حقیقت یہ بھی ہے کہ ستیش جو کہ ہندوستانی ٹیم کے منیجر ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش میں رواں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ تھے انہیں ہفتہ کو ہی ملک واپس طلب کرلیا گیا ہے ۔