کوچی ۔ 16 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں نے آج کیرالا کرکٹ اسوسی ایشن (کے سی اے ) کے صدر اور نائب صدر بی سی سی آئی ٹی سی میتھیو سے کے سی اے اور لندن نشین آرکیٹکٹ فرم سے متعلق بیرونی زر مبادلہ کی معاملتوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی ہے ۔ میتھیو کو آج صبح یہاں واقع انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے زونل آفس طلب کیاگیا اور ایک شکایت کے بارے میں سوالات کئے گئے ، جس میں الزام ہے کہ کے سی اے اور لندن کی کمپنی کے درمیان غیرقانونی معاملتیں ہوئی ہیں جن کا تعلق یہاں ایڈاکوچی میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے لے آؤٹ پلان کی تیاری سے ہے ۔ تاہم میتھیو نے الزامات مسترد کردیئے ۔
سرینواسن بی سی سی آئی اے جی ایم تک آئی سی سی چیرمین برقرار
نئی دہلی ۔ 16 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر نے آج کہا کہ سابق صدر این سرینواسن آئی سی سی چیرمین کی حیثیت سے سپٹمبر تک برقرار رہیں گے جس کے بعد بورڈ اپنی سالانہ جنرل میٹنگ مستقبل کا لائحہ عمل طئے کریگا ۔ قواعد کے مطابق آئی سی سی چیرمین کا عہدہ جولائی 2014 سے جون 2016ء تک دو سال بی سی سی آئی نمائندے کے پاس رہنا ہے ۔ ٹھاکر نے ایک انٹرویو میں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ سرینواسن بی سی سی آئی کے نمائندے کی حیثیت سے سپٹمبر 2015 ء تک چیرمین آئی سی سی برقرار رہیں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ بعد ازاں متفقہ رائے سے مستقبل طئے کیا جائیگا ۔