بی سی سی آئی دورۂ سری لنکا کو ایک ہفتہ پیشگی کرنے کا مشتاق

ممبئی ، 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی کا منصوبہ ہے کہ ہندوستان کے آئندہ ماہ تین ٹسٹ کی سیریز کیلئے سری لنکا کرکٹ ٹور کو کم از کم ایک ہفتہ پیشگی کردیا جائے۔ ہندوستان طئے شدہ پروگرام کے مطابق زمبابوے سے تین او ڈی آئی اور دو T20 کی سیریز کھیلنے والا ہے اور اس ٹور کا آخری میچ 19 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔ بی سی سی آئی کے ذریعہ نے کہا: ’’ہم قواعد کار پر کام کررہے ہیں اور پروگرام دو، تین یوم میں معلوم ہوجائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ انڈین ٹیم کی سری لنکا سے 2 ستمبر کے آس پاس واپسی ہوجائے تاکہ انھیں ایک ماہ کا آرام ملے جس کے بعد اکٹوبر؍ نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز ہے۔ یہ ٹور 11 اگسٹ کے آس پاس شروع ہونا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اسے ایک ہفتہ پیشگی کریں کیونکہ زمبابوے سے ٹیم 20 جولائی تک واپس ہوجائے گی۔