میدک۔/2ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ڈی او میدک مسٹر ناگیش گوڑ نے ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ مال کے ذریعہ مسلم اقلیتی پسماندہ طبقہ کو بی سی ای سرٹیفکیٹس کی اجرائی کیلئے قاضی شہر میدک و خطیب و امام جامع مسجد میدک جناب حافظ سید خواجہ معز الدین کا صداقت نامہ ذات ( شیخ ) قبول کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک وفد نے یہاں آر ڈی او میدک مسٹر ایم ناگیش گوڑ سے ان کے چیمبر میں ملاقات کرتے ہوئے طلباء و طالبات کی سہولت کے مدنظر قاضی شہر میدک کا جاری کردہ صداقت نامہ ذات قبول کرنے کیلئے نمائندگی کی جس پر آر ڈی او مسٹر ایم ناگیش گوڑ نے تحصیلدار منڈل میدک مسٹر نوین سے کہا اور ہدایت دی کہ قاضی قانونی اعتبار سے ایک سرکاری عہدہ ہوتا ہے چنانچہ بی سی ای سرٹیفکیٹ کی اجرائی کیلئے قاضی شہر میدک حافظ و قاری سید خواجہ معز الدین کا جاری کردہ صداقت نامہ فوری اثر کے ساتھ قبول اور منظور کیا جائے۔ آر ڈی او میدک سے ملاقات کرنے والے وفد میں جناب حافظ سید عبدالحفیظ، محمد ذاکر حسینی، محمد علی حسن خسرو، محمد شکیل اکبر خان، محمد عبدالشکیل و دیگر شریک تھے۔