بی سرینواس قتل کے نو ملزمین گرفتار ‘ کوئی سیاسی تعلق نہیں : ایس پی

نلگنڈہ 28 جنوری ( این ایس ایس ) پولیس نے نلگنڈہ میونسپل صدر نشین بی لکشمی کے شوہر بی سرینواس کے قتل کا معمہ حل کرلینے کا ادعا کیا ہے اور اس نے نو افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ ان میں اصل ملزم چنتاکنٹلہ رام بابو بھی شامل ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ ان کا مقتول سے دوستانہ تھا اور اس قتل کا کوئی سیاسی تعلق نہیں ہے ۔ یہ قتل ایک مرچی بنڈی پر ہوئے جھگڑے کی وجہ سے ہوا ہے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس پی نلگنڈہ سرینواس راؤ نیکہا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور دو افراد مفرور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقتول بی سرینواس کے خلاف نو مقدمات درج تھے اس لئے انہیں گن مین فراہم نہیں کیا گیا تھا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بی لکشمی نے سکیوریٹی کی خواہش نہیں کی ہے ۔ انہو ںنے کیس کی تحقیقات میں کسی مداخلت کی تردید بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ سارا مسئلہ مرچی بنڈی پر جھگڑے کا ہے ۔ حالانکہ پولیس نے سب کو وہاں سے بھگادیا تھا لیکن حملہ آور دوبارہ وہاں پہونچ گئے تھے ۔