بھوبنیشور ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکمراں بی جے ڈی کے پانچ ایم پیز نے کانکنی کے ایک داغدار کنٹراکٹر کے خانگی طیارہ کا استعمال کیا تھا۔ اپوزیشن بی جے پی نے آج یہ الزام عائد کرتے ہوئے اڈیشہ حکومت سے وضاحت طلب کی۔ اڈیشہ لیجسلیٹیو اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران اس معاملہ کو اٹھاتے ہوئے بی جے پی ایم پی پردیپ پروہت نے الزام عائد کیا کہ پانچ ایم پیز نے مائننگ کمپنی کے ایک خانگی طیارہ کا استعمال کرتے ہوئے بھوبنیشور سے دہلی کا سفر کیا تھا جن کے نام پناکی مرا، رام چندر ہنسدا، سدھانت موہاپترا، لوک ناتھ سوین اور ہیمندر سنگھ ہیں۔ ریاستی ویجلنس مائننگ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے مائننگ کنٹراکٹر کے رول کی تحقیقات کررہی ہے۔ پردیپ پروہت نے کہا کہ داغدار کمپنی کی سرگرمیوں کی وجہ سے اڈیشہ حکومت کو 1000 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔