بی جے پی ۔ پی ڈی پی کی مشاورت میں پیشرفت: امیت شاہ

نئی دہلی 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہاکہ اُن کی پارٹی اور پی ڈی پی جموں و کشمیر میں مخلوط حکومت کی تشکیل سے قبل مشترک اقل ترین پروگرام (سی ایم پی) کو قطعیت دینے کے معاملہ میں کافی پیشرفت کرچکے ہیں اور وزارت اعلیٰ کے مسئلہ پر اُس کے بعد ہی غور و خوض کیا جائے گا۔ مشترک اقل ترین پروگرام بنانے کا عمل جاری ہے۔ یہ آگے کے مرحلہ تک پہونچ چکا ہے لیکن ابھی مکمل نہیں ہوا۔ امیت شاہ نے نیوز چیانل سی این این ۔ آئی بی این کو بتایا کہ سی ایم پی کو قطعیت دینے کے بعد ہی دیگر مسائل جیسے چیف منسٹر کون ہوگا؟ اور کس پارٹی سے ہوگا؟ اُن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ تمام معاملوں پر بعد میں ہی غور و خوض کیا جائے گا۔

اُنھوں نے کہاکہ سردست یہ سمجھ لینا چاہئے کہ دو پارٹیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر اِس ریاست کے راجیہ سبھا انتخابات میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ صدر بی جے پی اِس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ آیا اِن دونوں پارٹیوں کا راجیہ سبھا چناؤ کے لئے یکجا ہونا یہ واضح اشارہ ہے کہ اِن دونوں نے اِس ریاست میں اگلی حکومت کی تشکیل کے لئے مختلف مسائل کی یکسوئی کرلی ہے جن میں وزارت اعلیٰ کا عہدہ شامل ہے۔ یہ ریاست گزشتہ ڈسمبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں نہایت منتشر خط اعتماد کے بعد گورنر راج کے تحت آگئی ہے۔ 87 رکنی قانون ساز اسمبلی میں پی ڈی پی 28 ارکان کے ساتھ واحد بڑی پارٹی ہے جس کے بعد قریبی فرق سے بی جے پی کی عددی طاقت 25 ہے، نیز نیشنل کانفرنس کے 15 ، کانگریس کے 12 اور دیگر 7 ارکان ہیں۔ ایسے اشارے ملے ہیں کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کو 7 فروری کو دہلی اسمبلی انتخابات اختتام پذیر ہوجانے کے بعد جہت حاصل ہوگی۔