ممبئی۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے کہا کہ حکومت میں شراکت داری کے مسئلہ پر بی جے پی سے ہنوز بات چیت جاری ہے۔ اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ دونوں حلیف سیاسی پارٹیوں نے جن کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، عنقریب ایک معاہدہ طئے کرلیں گے۔ وزارتی قلمدانوں کے بارے میں طویل تعطل کا خاتمہ ہوجائے گا۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے کل رات کہا تھا کہ بی جے پی اور شیوسینا قائدین آج بھی بات چیت جاری رکھیں گے۔ کل رات کئی موضوعات پر بات چیت ہوچکی ہے۔ شیوسینا کے سینئر قائدین سبھاش دیسائی نے بات چیت کے مقام اور وقت کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے انکار کردیا۔ مبینہ طور پر شیوسینا ڈپٹی چیف منسٹر اور ریاستی وزیر داخلہ کے اہم عہدے چاہتی ہے، تاہم اس نے اپنے موقف میں نرمی پیدا کردی ہے اور دیگر وزارتی قلمدان قبول کرنے پر بھی راضی ہوگئی ہے، تاہم اس اطلاع کی دونوں پارٹیوں کی جانب سے توثیق نہیں ہوسکی۔ مبینہ طور پر بات چیت چیف منسٹر کی قیام گاہ پر ہورہی ہے۔