بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد میں پھوٹ کے آثار

ممبئی۔ 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد میں تلخیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ شیوسینا نے بھی صدر بی جے پی امیت شاہ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی ہمیں ہدایت نہیں دے سکتا ۔ زعفرانی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے مسئلہ پر کوئی بھی فیصلہ شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے ہی کریں گے۔ رکن پارلیمان شیوسینا سنجے راوت نے کہا کہ ہم عزت ِ نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں پارٹی صدر سے بات چیت ہوگی۔ ادھو ٹھاکرے جو بھی فیصلہ لیں گے ، پارٹی ان کا ساتھ دے گی۔ بی جے پی صدر امیت شاہ قبل ازیں دیئے گئے اپنے بیان میں نرمی پیدا کرتے ہوئے اس بات کی کوشش کررہے ہیں کہ شیوسینا کی ناراضگی کو دور کیا جائے اور اتحاد کو یقینی بنایا جائے۔ بی جے پی کی نظر مہاراشٹرا کے کامیاب ہونے والے حلقوں پر مرکوز ہے۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر اس کی نظر نہیں ہے۔ ادھو ٹھاکرے ہی چیف منسٹر کے امیدوار ہوں گے۔ قبل ازیں بی جے پی نے نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر شیوسینا کو الٹی میٹم دیا تھا۔ 288 نشستوں کے منجملہ 135 پر انتخاب لڑنے کے اپنے موقف پر اٹل رہتے ہوئے بی جے پی قائدین نے شیوسینا صدر کو واقف کرایا تھا، لیکن ادھو ٹھاکرے نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم بی جے پی کی مرضی چلنے نہیں دیں گے۔ (ابتدائی خبر صفحہ 3 پر)