بی جے پی ۔ سینا دوبارہ اتحاد کے آثار : پوار

پونے 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی کے صدر شرد پوار نے آج کہا کہ بی جے پی اور شیوسینا کے مابین مفاہمت کے آثار ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ دونوں جماعتیں مل کر مہاراشٹرا میں وزارت بنائیں گی ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ بی جے پی کی تائید کی ان کی پیشکش ریاست میں استحکام کیلئے تھی کیونکہ یہاں معلق اسمبلی وجود میں آئی تھی ۔ شرد پوار نے میڈیا سے کہا کہ شیوسینا ۔ بی جے پی مل کر کام کر رہے ہیں اور اب مرکزی کابینہ میںسینا کے ایک نمائندے کو کل شامل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی حکومت کی تائید کی ان کی پیشکش آر ایس ایس ۔ بی جے پی نظریات سے اتفاق کے مماثل نہیں ہے ۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ بی جے پی حکومت کے قیام کیلئے تائید کی پیشکش جلد بازی میں کی گئی تھی ۔ انہوں نے سماجوادی پارٹی ‘ آر جے ڈی اور جے ڈی یو پر مشتمل جنتا پریوار کو بحال کرنے کی کوششوں پر کہا کہ وہ اس سے واقف نہیں ہیں اور دہلی جائیں گے تو اس پر بات کرینگے ۔