بی جے پی ہندوؤں کے بھی خلاف :ممتابنرجی

چیف منسٹر مغربی بنگال کا مجوزہ دورہ چین ، سرمایہ کاروں کو ترغیب کی کوشش
کولکتہ؍ 21جون ( (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج ترنمول کانگریس کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی تقسیم کی سیاست پر کام کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی کی طرح ترنمول کانگریس عسکریت پسند نہیں ہے ۔بی جے پی صرف مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف نہیں لڑرہی ہے بلکہ ہندوؤں پر بھی حملہ کررہی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی والے آج ہمیں انکاؤنٹر کرنے کی اس لیے دھمکی دے رہے ہیں وہ مرکزمیں اقتدار میں ہیں ۔وہ بم پھینکنے کی بات کررہے ہیں لیکن میں انہیں چیلنج کرتی ہوں کہ وہ آئیں اور ہمیں چھو کر دکھائیں تو اسی وقت ہم ان کو ان کی اوقات دکھادیں گے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات ممکن ہے کہ تین مہینے بعد ، یا پھر چھ مہینے کے بعد ہوں گے 8مہینے کے بعد تو ہونا لازمی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے پارٹی ورکروں سے انتخابات کیلئے تیار رہنے کیلئے تیار رہیں اور اس کیلئے چوکنا رہیں کہ بی جے پی والے ای وی ایم مشین میں چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں ۔اس درمیان کل چیف منسٹر چین کیلئے روانہ ہورہی ہیں جہاں وہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی کوشش کریں گی۔چیف منسٹر چین کے دورے کے دوران بیجنگ، یونین ، پروونس اور جینگسو جائیں گی ۔گزشتہ بنگال گلوبل بزنس چوٹی کانفرنس میں بڑی تعداد میں چینی تاجروں نے شرکت کی تھی۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کئی چینی کمپنیوں کے سی ای او سے ملاقات کریں گی ۔ چیف منسٹر کے ساتھ وزیر خزانہ امیت مترا، ریاست کے سینئر عہدیدار اور شہر کے بڑے صنعت کار بھی شامل رہیں گے۔ چیف منسٹر 27جون کو سنگھائی آئیں گی اور اس کے بعد 30جون کو کولکتہ واپس ہوں گی۔

یوم یوگا تقاریب سے
نتیش کمار اور ممتابنرجی غیرحاضر
پٹنہ ؍ کولکتہ ۔ 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار نتیش کمار جو بی جے پی کے کلیدی حلیف ہیں اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی جو بی جے پی کی کٹر حریف ہیں، یوم یوگا تقاریب سے غیرحاضر رہے۔ یوگا کا جذبہ رکھنے والے افراد دونوں ریاستوں میں ان تقاریب میں جوش و خروش کے ساتھ شریک رہے۔ تاہم برسراقتدار حلیف پارٹی جے ڈی یو نے نتیش کمار کی غیرحاضری کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی حالانکہ نتیش کمار بذات خود باقاعدگی سے یوگا کیا کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یوم یوگا تقاریب سے دوری اختیار کی جس کی وجہ سے ریاست میں چی میگوئیاں شروع ہوگئیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی نے کہا کہ نتیش کمار کی غیرحاضری کو مسئلہ نہ بنایا جائے۔ جے ڈی یو کے ترجمان راجیو رنجن پرساد نے کہا کہ پارٹی قائدین بشمول نتیش کمار اپنے دن کا آغاز یوگا سے کرتے ہیں جبکہ اپوزیشن آر جے ڈی نے نتیش کمار کی یوم یوگا تقاریب سے دوری پر تنقید کی۔