بی جے پی ہماری مشترکہ دشمن ، کانگریس و جے ڈی ایس کا اعلان

فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کرناٹک سے پہل ۔ اتحادی قائدین کی پریس کانفرنس
بنگلورو 20 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کو اپنی مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے کرناٹک میں برسر اقتدار کانگریس و جے ڈی ایس اتحاد نے آج کہا کہ ریاست میں ان کا اتحاد ملک بھر میں سکیولر جماعتوں کیلئے ایک پیام ہے کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کو 2019 کے عام انتخابات میں شکست دینے کیلئے متحد ہوجائیں۔ 3 نومبر کو ہونے والے تین لوک سبھا اور دو اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخاب سے قبل اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس اور جنتادل کے قائدین اپنی پارٹیوں کے کارکنوں سے کہا کہ وہ بی جے پی کو شکست دینے متحدہ طور پر جدوجہد کریں۔ جنتادل ایس کے سربراہ و سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک اور ریاست میں سکیولر نظام کی جڑوں کو مضـبوط کرنا ہے اس کے ذریعہ ہم مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی حکومت سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں جو ملک میں کئی مسائل کیلئے ذمہ دار ہے ۔ اتحادی جماعتوں کی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ یہ صرف شروعات ہے ۔ مشترکہ طور پر ہم ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرینگے ۔ حالانکہ ہم نے ماضی میں ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا تھا ہم اب متحدہ مقابلہ کرینگے تاکہ فرقہ پرست طاقتوں اور فرقہ پرست نظام کو شکست دے سکیں جو ہمارے سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔

پریس کانفرنس میں چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی ‘ سابق چیف منسٹر سدا رامیا ‘ پردیش کانگریس کے صدر دنیش گنڈو راو اور ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور نے بھی شرکت کی ۔ تین لوک سبھا حلقوں شیواموگا ‘ بیلاری اور مانڈیا کے علاوہ دو اسمبلی حلقوں رام نگر اور جم کھنڈی کیلئے رائے دہی 3 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 6 نومبر کو عمل میں آئیگی ۔ کانگریس نے جم کھنڈی اور بیلاری میں اپنے امیدوار نامزد کئے ہیں جبکہ جے ڈی ایس نے شیواموگا ‘ رام نگر اور مانڈیا میںامیدوار نامزد کئے ہیں۔ سدارامیا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے دونوں جماعتیں کرناٹک سے ایک شروعات کر رہی ہیں تاکہ فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دی جاسکے اور سکیولر طاقتوں کو متحد کیا جاسکے تاکہ سماج میں تفریق نہ ہونے پائے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے جو پہل ہوئی ہے اس کو دیکھتے ہوئے سارے ملک میں سکیولر جماعتوں کا اتحاد قائم ہوگا جو 2019 کے انتخابات میں بی جے پی کو کراری شکست سے دوچار کردے گا ۔