نئی دہلی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی جب بھی انتخابات میں شکست کھاتی ہے وہ پاکستان میں پناہ لیتی ہے ( پاکستان کا تذکرہ کرتی ہے ) تاکہ سماج میں منافرت پھیل سکے اور عوام کی توجہ ہٹ سکے ۔ کانگریس نے اس رد عمل کا اظہار اس پس منظر میں کیا ہے کیونکہ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیش کیا ہے جس میں ممبئی حملوں کے ملزم حافظ سعید کو دکھایا گیا ہے جو ایک وزیر اعظم مودی کے خلاف تقریرکر رہا ہے ۔ پاترا نے کہا کہ صرف حال میں تشکیل دیا گیا گٹھ بندھن ہی نہیں ہے جو 2019 میں مودی کو وزارت عظمی سے علیحدہ کرنا چاہتا ہے ۔ بعد ازاں ایک وضاحت کرتے ہوئے سمبت پاترا نے کہا کہ یقینی طور پر اپوزیشن اور حافظ سعید میں کوئی تقابل نہیں ہے ۔ مودی نے کرپشن اور کالے دھن کے خلاف جو مہم شروع کر رکھی ہے اس سے اپوزیشن جماعتیں متحد ہو رہی ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف ان کی کارروائیوں کی وجہ سے حافظ سعید بھی اسی سمت میں کوشاں ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی حکومت صحیح سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ۔ ایک اور بی جے پی لیڈر نے مبینہ طور پر اپوزیشن جماعتوںکو اسامہ بن لادن سے تشبیہہ دی ہے ۔ بی جے پی قائدین کے الزامات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ جب کبھی بی جے پی شکست کھاتی ہے وہ پاکستان میں پناہ حاصل کرتی ہے تاکہ سماج میں تفریق پیدا کی جاسکے اور عوام کی توجہ ہٹائی جاسکے ۔ کانگریس لیڈر پون کھیرا نے کہا کہ بی جے پی جانتی ہے کہ وہ ترقیاتی نعرہ پر کامیابی حاصل نہیں کرکستی اسی لئے یہ لوگ حافظ سعید کا نام گھسیٹ لاتے ہیں۔ انہیں کوئی سمجھ بوجھ ہی نہیں ہے ۔ بی جے پی کو اہم ترین کیرانہ پارلیمانی جلقہ میں متحدہ اپوزیشن کے خلاف شکست ہوئی تھی ۔ پون کھیرا نے کہا کہ بی جے پی کئی زبانوں میں بات کرتی ہے ۔