نئی دہلی ۔ 11 اپریل (فیکس) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی مکرم احمد صاحب نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میں کہا کہ جنرل الیکشن 2014ء چل رہا ہے۔ اس میں مسلمانوں کو حصہ لے کر فرقہ پرست عناصر کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہورہے ہیں لیکن سیکولر امیدواروں سے ناراضگی کا مطلب یہ ہوگا کہ فرقہ پرست عناصر کامیاب ہوجائیں گی اور یہ ملک کے مستقبل کیلئے خطرناک ہوگا۔ شاہی امام نے کہا کہ اگرچہ بی جے پی نے مسلمانوں کو لبھانے کے لئے اپنے انتخابی منشور میں مدارس کی جدید کاری اور انصاف کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے
لیکن جس پارٹی کے لیڈر امیت شاہ اور وسندھرا راجے سندھیا کھل کر بدلہ لینے اور ٹکڑے کرنے کی بات کررہے ہیں تو ان سے کیا امید کی جاسکتی ہے۔ مسلمانوں کو اور سیکولر ذہنیت کے حامل ووٹر ان کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سیکولر اور سب سے اچھے امیدوار کو کامیاب بنانا چاہئے۔ شاہی امام نے چھترپور علاقہ میں مانڈی روڈ گدائی پور میں بابولال اینڈ کمپنی کے ذریعہ عیدگاہ کو منہدم کرانے کے افسوسناک واقعہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہلی وقت بورڈ کی دانستہ غفلت بتایا اور کہا کہ موجودہ دہلی وقف بورڈ اوقاف کی جائیدادوں کی حفاظت میں ناکام ہوچکا ہے۔
علاقہ کے لوگوں کے کہنے کے باوجود اس جانب توجہ نہ کرنا کچھ معنی ضرور دکھاتا ہے۔ چار روز بعد بھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ دہلی کے فاضل لیفننٹ گورنر نجیب جنگ سے یہ امید تھی کہ وہ اوقاف کی حفاظت میں کارروائی کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ شاہی امام نے اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی اور اس کے صحن کے نیچے سرنگ کھودے جانے کی کارروائی پر شدید افسوس و غم کا اظہار کیا اور یو این او نیز مسلم ممالک اور عرب ممالک سے پرزور مطالبہ کیا کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کی حفاظت اور فلسطینیوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے سب کو آگے آنے کی ضرورت ہے۔