بی جے پی کے کدم کی اپنے تبصرہ پر معذرت خواہی

ممبئی ۔ 17 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن اسمبلی رام کدم نے مہاراشٹرا ریاستی کمیشن برائے خواتین سے اپنے تبصرہ کے لئے جو اُنھوں نے دہی ہانڈی تہوار کے دوران گھاٹ کوپر میں جاریہ ماہ کے اوائل میں کیا تھا غیرمشروط معذرت خواہی کی ۔ کدم نے تقریب کے دوران جو 3 ستمبر کو منعقد کی گئی تھی مبینہ طورپر کہا تھاکہ وہ کسی بھی لڑکی کو جسے کسی لڑکے نے شادی کی پیشکش کی ہو اغواء کرکے اُس کے حوالے کردیں گے ۔ خواتین کمیشن نے 5 ستمبر کو اُنھیں نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون 8 دن اُن سے جواب طلب کیا تھا ۔ نوٹس حاصل ہونے کے بعد رکن اسمبلی نے غیرمشروط معذرت خواہی کی ۔ انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ خواتین کا انتہائی احترام کریں گے ۔ خواتین کمیشن کی ایک عہدیدار نے کہا کہ کدم نے اپنی معذرت خواہی میں خواتین کو لکشمی ’’خوشحالی کی دیوی‘‘ قرار دیا ہے۔ اُن کا یہ تبصرہ ماہرین کے مشورے کے بعد دیا گیا ہے ۔