دیگر قائدین کو نظر انداز کرنے پر اعتراض
بھوپال۔یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام) انتخابی پوسٹروں پر بھی پارٹی کے دیگر قائدین کو نظرانداز کرتے ہوئے نریندر مودی کو اہمیت دیئے جانے پر بی جے پی کے ایک سینئر قائد کا کہنا ہے کہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے پارٹی صرف ایک ہی لیڈر کے گُن گانے پر مجبور ہے۔ پوسٹروں پر اب کی بار مودی سرکار، نعرے موجود ہیں لیکن ان پوسٹروں میں سے اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کی تصاویر غائب ہیں۔ ریاستی بی جے پی کے نائب صدر و ایم پی رگھونندن شرما نے کہاکہ بی جے پی نے اب ایک ہی قائد پر اکتفاء کرنا شروع کردیا ہے
جبکہ دوسری جماعتیں بھی ایسا ہی کررہی ہیں کیونکہ آج کی سیاست صرف کسی مخصوص قائد تک محدود ہوکر رہ گئی ہے اور ملک میں اب یہ چلن ہی عام ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چاہے وہ سونیا گاندھی ہوں، راہول گاندھی ہوں، ملائم سنگھ ہوں، ممتا ہوں یا جیہ للیتا۔ تمام پارٹیاں ایک ہی لیڈر کے اِرد گرد گھوم رہی ہیں اور بی جے پی بھی ایسا کرنے پر مجبور ہے کیونکہ پارٹی کو ایسا لگتا ہے کہ ایسا کرنے سے پارٹی کو زبردست سیاسی فائدہ حاصل ہوگا۔ مسٹر شرما نے کہا کہ جب انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کردیا گیا تو انہوں نے بڑی بے عزتی محسوس کی لیکن اس کے باوجود بھی وہ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ بی جے پی دیگر پارٹیوں سے بہت مختلف ہے، چاہے وہ پارٹی کی پالیسی ہو، فلسفہ ہو یا اصول ہوں۔