نئی دہلی۔21جون ( سیاست ڈاٹ کام ) اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست بہار میں دو حریف کیمپوں میں اتحادیوں کے مابین نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر بات چیت اب ٹھوس شکل اختیار کرچکی ہے جس کے مطابق لالو پرساد کے زیر قیادر آر جے ڈی کے امیدوار بی جے پی کے طاقتور گڑھ میں مقابلہ کریں گے اور ان کے حلیف نتیش کمار کی جے ڈی ( یو) ان ہی حلقوں سے اپنے امیدوار دوبارہ نامزد کرچکی ہے جہاں گذشتہ انتخابات میں اس کے امیدوار منتخب کئے گئے ۔ جے ڈی ( یو) ۔ آر جے ڈی اتحاد کے ذرائع نے کہا کہ چیف منسٹر نتیش کمار کی پارٹی کے امیدوار ان ہیحلقوں سے مقابلہ کریں گے جہاں گذشتہ انتخابات میں اس پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ آر جے ڈی کو بھی جے ڈی ( یو) کے مساوی حلقہ ملیں گے لیکن لالو پرساد کی پارٹی کو ان حلقوں سے اپنے امیدوار نامزد کرنا ہوگا جہاں سے گذشتہ انتخابات میں بی جے پی امیدواروں نے مقابلہ کیا تھا ۔