لکھنؤ ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے بی جے پی کے ’’سمپرک فار سمرتھن‘‘ (رابطہ برائے تائید) کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ ’’بڑے اور طاقتور‘‘ (افراد کے ساتھ) تصویرکشی کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی کی اس مہم کی ایک ایسے وقت مذمت کی جب وہ (بی جے پی) جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کے ساتھ مفاہمت ختم کرچکی ہے۔ اس پروگرام کا مقصد 2019ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل سیاسی حلیفوں اور ممتاز شخصیات تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ مایاوتی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ پروگرام محض سرکردہ بی جے پی قائدین کی دیگر بڑے لوگوں کے ساتھ تصویرکشی کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی نے کہا کہ اس قسم کے پروگرام کو وہ کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کی توہین تصور کرتی ہے۔ مایاوتی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے پر مرکز کی مذمت کی۔