جموں ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ٹریک II بات چیت کی توثیق کرتے ہوئے پی ڈی پی نے آج کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے فائدہ کے لیے بی جے پی کے ساتھ حکومت تشکیل دینے تیار ہے ۔ لیکن اس نے کئی شرائط رکھی ہیں ۔ وہ اس بات کی طمانیت چاہتی ہے کہ اہم موضوعات جیسے وقتی طور پر افسپا ( خصوصی فوجی اختیارات قانون ) کی تنسیخ پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ پی ڈی پی سربراہ مفتی محمد سعید نے کہا کہ وہ اقتدار کے بھوکے نہیں ہیں ۔ اگر انہیں یہ محسوس ہو کہ جموں و کشمیر کے عوام کا فائدہ ہوگا تو وہ چیف منسٹری کا دعویٰ بھی نہیں کریں گے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ریاست کو دلدل سے باہر نکالا جائے ۔ سابق چیف منسٹر نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں تشکیل حکومت کے لیے بی جے پی کے ساتھ ٹریک II مذاکرات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مذاکرات کو صحیح سمت مل جائے تب مشترکہ اقل ترین پروگرام کے سلسلہ میں جامع بات چیت ہوسکتی ہے ۔ گزشتہ ماہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی واحد سب سے بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے ۔ اور 87 رکنی اسمبلی میں اس نے 28 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ۔ بی جے پی 25 نشستوں کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے ۔ مفتی سعید نے کہا کہ وہ اقتدار کے بھوکے یا چیف منسٹری کے دعویدار نہیں لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر مسلم اکثریتی ریاست ہے اور مرکز کو رائے عامہ کا احترام کرنا چاہئے ۔۔