بی جے پی کے ساتھ مابعد چناؤ اتحاد کا سوال نہیں ، عمر عبداللہ کا ادعا

سرینگر ۔ 22 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج اس امکان کو مسترد کردیا کہ بی جے پی کے ساتھ مابعد چناؤ کوئی اتحاد ہوسکتا ہے کیونکہ مختلف مسائل جیسے آرٹیکل 370، یکساں سیول کوڈ اور بابری مسجد پر اس کے موقف کے پیش نظر ایسی تبدیلی خارج از امکان ہے ۔ انھوں نے کسی دیگر پارٹی کے ساتھ بھی اتحاد کو ممکن نہیں بتایا ۔ 87 رکنی ریاستی اسمبلی کیلئے انتخابی نتائج کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ تو واضح ہے کہ کوئی واحد پارٹی اپنے بل پر حکومت تشکیل دینے والی نہیں ۔ اب دیکھنا ہے کہ ان نام نہاد ایگزٹ پول کے نتائج حقیقی اعداد و شمار کے کس حد تک قریب پہنچ پاتے ہیں۔