بی جے پی کے دو مالدار ترین امیدوار انتخابی میدان میں

مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات
انڈر ورلڈ ڈان ارون گاؤلی کی بیٹی گیتا اور ابو عاصم اعظمی نے بھی اثاثہ جات کا تخمینہ پیش کیا
ممبئی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں 15 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات منعقد شدنی ہیں جس کی وجہ سے اس ریاست پر پورے ملک کی نظریں لگی ہوئی ہیں جہاں چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی تبدیلیوں اور واقعات کو میڈیا میں پیش کیا جارہا ہے۔ تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمانے والے بی جے پی کے ایک امیدوار موہت کامبوج کو 353.53 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کے ساتھ امیر ترین امیدوار قرار دیا گیا ہے۔ کامبوج کی جانب سے داخل کردہ حلف نامہ کے مطابق اُنھوں نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 353.53 کروڑ روپئے پیش کیا ہے۔ 30 سالہ کامبوج دندوشی ودھان سبھا حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کریں گے۔ حلف نامہ کے مطابق کامبوج نے 2003 ء میں بی کام فرسٹ ایئر کا امتحان کامیاب کیا تھا۔ وہ کاروباری ذہنیت کے ہیں اور رئیل اسٹیٹ کے علاوہ صرافہ بازار میں بھی اپنا مقام بنانے کے خواہاں ہیں۔ یوں تو ریاست مہاراشٹرا سے مجموعی طور پر 4117 امیدوار میدان میں ہیں لیکن اُن میں امیر ترین امیدوار صرف دو ہیں۔ کامبوج کے بعد بی جے پی کے ہی ایک اور امیدوار 58 سالہ منگل پربھات لودھا ہیں جو ممبئی کے پاش علاقہ ملبارہل سے دوبارہ منتخب ہونے کوشاں ہیں۔ اُنھوں نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 198.61 کروڑ روپئے پیش کیا ہے۔

قانون کی ڈگری رکھنے والے لودھا کنسٹرکشن کے شعبہ میں اعلیٰ مقام رکھتے ہیں۔ دوسری طرف سماج وادی پارٹی کے مہاراشٹرا یونٹ صدر ابو عاصم اعظمی نے جو مانخورد حلقہ اسمبلی سے میدان میں ہیں، اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 156.11 کروڑ روپئے بتایا ہے۔ حیرت انگیز طور پر ایسے امیدوار بھی ہیں جنھوں نے اپنا تخمینہ انتہائی قلیل بتایا ہے۔ اُن میں سی پی آئی (ایم) کے امیدوار کے نارائنن کیشو ہیں جو اندھیری (مغرب) سے انتخابی میدان میں ہیں، نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ صرف 15,934 روپئے بتایا ہے۔ مسٹر کیشو ایک سماجی کارکن کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں اور کیرالا سے اُنھوں نے صرف ایس ایس سی تک تعلیم حاصل کی لہذا اُنھیں انتخابی امیدواروں میں غریب ترین امیدوار کہا جارہا ہے۔ دوسرا غریب ترین امیدوار کوئی مرد نہیں بللکہ گینگسٹر سے سیاستداں بننے والے ارون گاؤلی کی بیٹی گیتا گاؤلی ہے۔ اُنھوں نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 1.29 کروڑ روپئے پیش کیا ہے۔ گیتا ممبئی میونسپل کارپوریشن میں کارپوریٹر ہے اور اکھیل بھارتیہ سینا کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ اُنھوں نے صرف دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے۔ اب چلتے ہیں کانگریس کے سینئر لیڈر اور مہاراشٹرا کے سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان کی جانب جنھوں نے اپنے اثاثہ جات کا تخمینہ 13.82 کروڑ روپئے لگایا ہے جبکہ این سی پی لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ مہاراشٹرا اجیت پوار کے اثاثہ جات 38.83 کروڑ روپئے پر مشتمل ہیں۔ این سی پی کے ایک اور لیڈر اور ریاست کے سابق پی ڈبلیو ڈی منسٹر چھگن بھوجبل کے اثاثہ جات 21.91 کروڑ روپئے پر مشتمل ہیں۔