بی جے پی کے حلیفوں کی مودی حکومت کو تائید

نئی دہلی ۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے بے تکان حملوں سے دوچار وزیراعظم نریندر مودی کو آج تمام این ڈی اے شرکاء کی حمایت حاصل ہوئی لیکن انھوں نے اتحاد میں بہتر ارتباط کا مطالبہ کیا اور کنوینر سے ملاقات کا وقت مانگا ۔ برسراقتدار آنے کے بعد این ڈی اے کی شرکاء پارٹیوں کے قائدین کی پہلی میٹنگ میں بی جے پی نے یہ بھی دیکھا کہ اتحاد کے قائدین نے اراضی بل جیسے پیچیدہ مسائل پر بہتر رابطے کی ضرورت کیلئے آواز اُٹھائی ۔ کل شروع ہونے والے پارلیمانی مانسون سیشن سے قبل مودی نے بی جے پی کی پارلیمانی عاملہ کمیٹی اور پھر این ڈی اے شرکاء کے ساتھ یکے بعد دیگر میٹنگس منعقد کئے جہاں سرکردہ پارٹی قائدین بشمول سشما سوراج کے خلاف اپوزیشن کی مہم سے جارحانہ انداز میں نمٹنے کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دی گئی ۔