بی جے پی کے انتخابی عمل کے پیچھے آر ایس ایس سرگرم : انٹونی

تھریسر ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیردفاع اے کے انٹونی نے آج دعویٰ کیا ہیکہ بی جے پی اور زعفرانی پارٹی کے انتخابی عمل کے پیچھے آر ایس ایس سرگرم ہے اسی لئے سنگھ پریوار کے مشورہ کے مطابق ہی امیدواروں کو کھڑا کیا جارہا ہے۔ کانگریس قائدین نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی اگر ملک کے وزیراعظم بنتے ہیں تو یہ ہندوستان کیلئے ’’المیہ‘‘ ہوگا۔ سنگھ پریوار پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انٹونی نے تھریسر پریس کلب کے میٹ دی پریس پروگرام میں کہا کہ آر ایس ایس نے بی جے پی کے انتخابات کا الزام اپنے ذمہ لے لیا ہے

جیسا کہ اس نے 1977ء میں انجام دیا تھا۔ بی جے پی کے اقتدار پر آنے اور نریندر مودی کے وزیراعظم بننے کے امکانات سے متعلق سوال پر انٹونی نے کہا کہ نریندر مودی کا وزیراعظم بننا بعیداز قیاس ہے کیونکہ مودی کی ایسی کوئی لہر نہیں ہے یہ تو صرف کارپوریٹ گھرانوں کی تشہیری مہم ہے۔ مودی کو عام کی مقبول تائید حاصل نہیں ہے۔