نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اس نے اپنے اخباری اشتہار میں اناہزارے کے خلاف متنازعہ کارٹون شائع کیا ہے۔ اس اشتہار میں اناہزارے کو ایک پھول کے ہار کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے زعفرانی پارٹی سے سوال کیا کہ آیا انسداد رشوت ستانی مہم کے سماجی جہدکار کے ’’قتل‘‘ کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ آج ٹوئیٹر پر پیش کردہ سلسلہ وار بیانات میں عام آدمی پارٹی کے صدر کجریوال نے کہا کہ نتھورام گوڈسے نے 1948ء میں آج ہی کے دن گاندھی جی کا قتل کیا تھا۔ بی جے پی نے آج اپنے اشتہار میں اناہزارے کا قتل کردیا ہے، کہا اس حرکت پر بی جے پی کو معافی نہیں مانگنی چاہئے۔ اشتہار میں بی جے پی نے کجریوال کا کارٹون بھی شائع کیا ہے جس میں وہ کانگریس سے تائید نہ لینے کا دعویٰ کررہے ہیں لیکن انہیں کانگریس کے ساتھ ’’شادی‘‘ کرتے ہوئے بتایا گیا ہے۔ ایک اور ٹوئیٹر بیان میں کجریوال نے اپنے حامیوں سے کہا کہ آپ لوگ چوکنا ہوجائیں تمام عام آدمی پارٹی کے والینٹرس کو ہمیشہ ہوشیار رہنا ہوگا کیونکہ دشمن طاقتیں آپ کا دھیان کہیں اور ہٹانے کی کوشش کررہی ہیں۔ براہ کرم دہلی کیلئے مثبت ایجنڈہ پر ہی اپنی توجہ مرکوز کریں۔ کجریوال نے ایک اور بیان میں لکھا ہیکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی ہی حکومت ہوگی۔ دہلی کی خدمت کیلئے تیار رہئے۔ میں دہلی کو قوانین کیلئے محفوظ شہر بناؤں گا۔ میں ہمیشہ اناجی کی صحت مندی کا متمنی ہوں اور ان کے نیک خواہشات رکھتا ہوں۔ ٹوئیٹر پر کجریوال کے 33.9 لاکھ حامی ہیں ان کے ٹوئیٹ کرنے کے چند منٹوں میں ہی ان کے حامیوں نے اس کو دوبارہ ٹوئیٹ کیا ہے۔