راہول نے وزیراعظم سے پوچھے 3 سوال ، جواب کا انتظار
نئی دہلی ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : کرناٹک میں انتخابی تشہیر کو لے کر وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے درمیان زبانی جنگ جاری ہے ۔ ریاست میں وزیراعظم مودی کی مسلسل ریلیوں کو لے کر گاندھی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ ہفتہ کو کانگریس کے صدر نے ٹوئیٹ کیا اور پوچھا کہ وزیراعظم کرناٹک میں اپنے موسٹ وانٹیڈ 11 داغی لیڈروں کے خلاف کب بولیں گے ۔ راہل نے آج ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’ ڈئیر مودی جی ، آپ بہت باتیں کرتے ہیں ۔ مسئلہ یہ ہے کہ آپ کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔ ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے راہل نے لکھا کرناٹک میں امیدواروں کے آپ کے انتخاب کا ایک نمونہ پیش ہے ۔ یہ کرناٹک کے موسٹ وانٹیڈ لوگوں کے ایپی سوڈ جیسا لگتا ہے ۔ راہل کے ذریعہ پوسٹ ویڈیو میں ریڈی برادران بی جے پی کے سی ایم امیدوار یدی یورپا سمیت رہنماؤں کا ذکر کیا گیا ہے جن پر بدعنوانی اور جرائم کے معاملات درج ہیں ۔ اس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا وزیراعظم مودی ان لوگوں کو امیدوار بنائے جانے پر بولیں گے ؟ راہول نے مودی سے پوچھے یہ سوال : کیا آپ ریڈی برادران کو دئیے گئے 8 ٹکٹوں پر 5 منٹ بولیں گے ؟ کیا اپنے چیف منسٹر امیدوار ( بی ایس یدی یورپا ) پر بولیں گے جن کے خلاف بدعنوانی اور دھوکہ دھڑی جیسے 23 معاملات درج ہیں ؟ آپ ان 11 امیدواروں پر کب بولیں گے ۔ جن کے خلاف بدعنوانی کے معاملات ہیں ؟ اس ویڈیو میں ان داغی رہنماوں کے نام اور تصاویر لگائے گئے ہیں ۔ ویڈیو کے آخر میں لکھا گیا ہے کہ ہمیں آپ کے جواب کا انتظار ہے ۔۔