بی جے پی کی کامیابی سے ترقی کی راہ ہموار

عادل آباد۔/23اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کو مختلف اسکام میں ملوث قرار دیتے ہوئے گجرات کی طرز پر ملک کی تمام ریاستوں کو ترقی کی سمت گامزن کرنے ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی صدر مسٹر کشن ریڈی نے مستقر عادل آباد کے ڈایٹ میدان میں ایک عظیم اجتماع کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔وہ عادل آباد حلقہ اسمبلی کے بی جے پی امیدوار مسٹر پایل شنکر کے انتخابی جلسہ سے مخاطب تھے جبکہ اس موقع پر تلگو فلم اسٹار جیوتا راج شیکھر بھی موجود تھیں۔ مسٹر کشن ریڈی نے کانگریس کے دس سالہ اقتدار پر جہاں ایک طرف سخت تنقید کی وہیں دوسری طرف ٹی آر ایس کے سربراہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر بھی الزام عائد کرتے ہوئے اسے ایک خاندانی جماعت قرار دیا۔ تلنگانہ ریاست کے قیام میں بی جے پی کی نمایاں کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے پارلیمانی اجلاس میں محترمہ سشما سوراج، ارون جیٹلی کی بھرپور ستائش کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وہ کانگریس کے دس سالہ دور کے دوران 47 مرتبہ اشیائے مایحتاج کی قیمتوں میں اضافہ کا تذکرہ کیا۔

قبل ازیں جیوتا راج شیکھر نے اپنے خطاب میں بی جے پی امیدواروں کی کامیابی کا تذکرہ کیا جبکہ مسٹر پایل شنکر نے عادل آباد حلقہ اسمبلی میں پائی جانے والی عوامی دشواریوں کا ذمہ دار موجودہ رکن اسمبلی کو قرار دیا۔ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے اندرون چھ ماہ میں تامسی بس اسٹیشن کے روبرو سے گذرنے والے ریلوے لائن پر اوور برج تعمیر کرنے، زائد از پندرہ سال سے مقفل سمنٹ فیکٹری کا دوبارہ احیاء کرانے، عادل آباد کے کم و بیش 45 مواضعات میں پینے کے پانی کی پائی جانے والی قلت کو دور کرنے کے علاوہ ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کرنے مستقر پر صنعتی ادارے قائم کرنے کا تیقن دیا۔ عادل آباد تا آرمور براہ نرمل ریلوے لائن بچھانے، Rims دواخانہ میں خاطر خواہ طبی امداد فراہم کرنے اور عادل آباد سے حیدرآباد کی طویل مسافت کو ختم کرتے ہوئے ہوائی پرواز کا آغاز کرنے کا بھی تیقن دیا۔ دھوپ کی شدت کے باوجود ہزارو مرد و خواتین کی تعداد نے شرکت کی۔ اس انتخابی جلسہ میں سابق ریاستی وزیر مسٹر امر سنگھ تلاوت نے بھی مخاطب کیا۔ جلسہ کی کارروائی مسٹر ادیناتھ نے چلائی۔