نئے چیف منسٹر بہار جیتن رام مانجھی آج اعتماد کا ووٹ لیں گے
نئی دہلی؍ پٹنہ ، 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے آج کہا کہ اُن کی پارٹی کی بہار میں جے ڈی (یو) حکومت کیلئے ’’غیرمشروط تائید‘‘ کا مقصد اس ریاست میں اقتدار پر قبضہ جمانے کیلئے بی جے پی کے ’’منصوبہ‘‘ کو ناکام بنانا ہے، لیکن وہ نتیش کمار کی پارٹی کے ساتھ مستقبل کے امکانات پر سوالات کو ٹال گئے۔ لالو نے شام میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات بھی کی اور بتایا جاتا ہے کہ انھیں بہار میں چناؤ کے تعلق سے بریفنگ دی۔ اس ریاست میں آر جے ڈی، کانگریس اور این سی پی کے اتحاد نے 40 لوک سبھا نشستوں میں سے 7 جیتے ہیں۔ اس دوران بی جے پی کی بہار یونٹ کے سربراہ سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ پارٹی ایم ایل ایز کل نئے چیف منسٹر جیتن رام مانجھی کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لئے جانے کے دوران ایوان اسمبلی میں موجود رہیں گے لیکن ووٹنگ میں حصہ لینے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔