امن اور محبت کے پیام کیساتھ کام کرنے پارٹی ورکرس کو راہول گاندھی کا مشورہ
نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے اپنی 134 ویں یوم تاسیس کے موقع پر یہ عہد کیاکہ بی جے پی کی نفرت کی سیاست کو ختم کرکے رہے گی اور ملک میں امن و محبت کو فروغ دینے کی مہم شروع کرے گی۔ پارٹی نے اپنے ورکرس کو ہدایت دی کہ وہ امن، اتحاد اور محبت کے ساتھ بی جے پی کے نفرت کے پروپگنڈے کا مقابلہ کرے۔ اِس موقع پر کانگریس صدر راہول گاندھی نے اکبر روڈ پر واقع پارٹی ہیڈکوارٹرس پر کانگریس کا پرچم لہرایا اور بے لوث خدمت انجام دینے کا عہد کیا۔ اُنھوں نے پارٹی کی ترقی میں قائدین اور ورکرس کی خدمات کی ستائش کی۔ کانگریس نے یہ بھی کہاکہ گزشتہ 134 سال کی اِس کی اپنی مضبوط تاریخ ہے۔ ہم انصاف، مساوات، عدم تشدد، اتحاد، آزادی کے لئے لڑرہے ہیں اور اِس سے بالاتر ہوکر ہم نے اِن تمام برسوں میں قوم کی خدمت کی ہے اور آگے بھی انہی اقدار پر عمل کرتے ہوئے ہمارے ملک کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ کانگریس کی یوم تاسیس تقریب میں پارٹی کے سینئر قائدین جن میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ اور سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی بھی بھی شامل ہیں، شریک تھے۔