بی جے پی کی قرارداد میں سنگین مسائل نظرانداز: سی پی آئی ایم

نئی دہلی ۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم نے آج کہاکہ بی جے پی کے حالیہ قومی عاملہ اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت قرارداد میں ملک کو درپیش مختلف سنگین مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی امور اور حکومت پر علی الترتیب نریندر مودی اور امیت شاہ کا غلبہ نظر آیا۔ پارٹی کے ترجمان پیپلز ڈیموکریسی میں سی پی آئی ایم کے سابق جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے بی جے پی کی سیاسی قرارداد پر تنقید کی جس میں نوٹوں کی تنسیخ کی ستائش کی گئی ہے اور دعویٰ کیا ہیکہ تمام حقائق کے پیش نظر یہ پرواز بالکل درست تھی۔ انہوں نے 99 فیصد منسوخ نوٹوں کے بینکوں میں جمع کروانے کی حقیقت پر حکومت کی خاموشی کو قابل اعتراض قرار دیا اور کہاکہ معاشی انحطاط اور صنعتی پیداوار میں انحطاط کی کوئی وجہ ظاہر نہیں کی گئی ہے۔