بی جے پی کی رکن اسمبلی کو شیر محمد کی والدہ نے واپس چلادیا

زخمی جوان کی عیادت کے موقع پر آتشبازی پر برہمی ، ملاقات سے انکار
بلندشہر ۔ یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ میں ماؤ نوازوں کے حملے میں زخمی سی آر پی ایف جوان کی ماں نے کل بی جے پی رکن اسمبلی کو اپنے گھر سے باہر نکال دیا جو آتشبازی کرتے ہوئے ایک قافلہ کے ساتھ ان سے ملاقات اور زخمی جوان کی عیادت کے لئے وہاں پہونچی تھیں۔ اُترپردیش کے حلقہ سکندرآباد کی بی جے پی رکن اسمبلی ویملا سولنکی چاند پورہ میں اس جوان شیر محمد کی عیادت کیلئے کل رات 9 بجے ان کے گھر پہونچی تھیں۔ ان کے قافلے میں شامل بعض افراد اس موقع پر آتشبازی کررہے تھے ۔ بعد ا زاں ویملا سولنکی نے پی ٹی آئی سے کہاکہ شیرمحمد کی ماں فریداں نے پہلے تو رات دیر گئے ان کے گھر پہونچے اور اس کے ساتھ وہاں پٹاخے چھوڑنے پر ان ( ویملا سولنکی) کی سرزنش کی اور وہاں سے واپس چلے جانے کیلئے کہہ دیا۔ تاہم اس رکن اسمبلی نے کہاکہ وہ بہرحال شیرمحمد کی توصیف و ستائش کے لئے وہ وزارت داخلہ کو ایک مکتوب روانہ کریں گی ۔ چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں گزشتہ دوشنبہ کو ماؤنوازوں کے ایک حملے میں سی آر پی ایف کے 25 جوان ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے تھے ۔ شیر محمد بھی ان زخمی جوانوں میں شامل ہیں۔