بی جے پی کی حلیف پارٹیوں کا بھی ایندھن کی قیمتوں میں

چینائی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تملناڈو میں بی جے پی کی دو حلیف سیاسی پارٹیوں نے مرکز کی این ڈی اے حکومت پر زور دیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پہلے ہی سے ریل کرایوں میں اضافہ کے ’’بوجھ ‘‘ تلے کراہ رہا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر بوجھ بھی عائد کئے گئے ہیں۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی بُری طرح متاثر ہوگا۔ بانی پی ایم کے مسٹر ایس رام داس نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو قیمتوں کے بارے میں عوام کی توقعات کی تکمیل کرنی چاہئے جو اُن کے برسراقتدار آتے ہی قیمتوں میں کمی کی اُمید کررہے تھے۔ نئی حکومت کا فرض ہے کہ وہ ایسے کرے۔ ایم ڈی ایم کے نے جو بی جے پی کی ایک اور حلیف سیاسی پارٹی ہے ، اسی طرح کی رائے ظاہر کی اور کہا کہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے کو عوام نے انتخابات میں اقتدار سے بے دخل کردیا کیونکہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی برت رہی تھی۔ تیل فروخت کرنے والی کمپنیوں کو ایندھن کی قیمتیں طئے کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔ پارٹی کے سربراہ وائیکو نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو تیل سربراہ کرنے والی کمپنیوں سے ایندھن کی قیمتوں کے تعین کا اختیار واپس لے لینا چاہئے۔ دونوں قائدین نے مطالبہ کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے۔