بی جے پی کی جنوبی ریاستوں خاص طور پر مغربی بنگال اور اوڈیشہ پر نظر

تھروانتتاپورم ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج کہاکہ بھگوا پارٹی کا ایک مقصد ہے۔ وہ چاہتی ہیکہ کیرالا، تلنگانہ، آنداھرپردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں اس کی حکومتیں تشکیل پاجائیں۔ وہ پارٹی میں نیا جوش و ولولہ پیدا کرنے کے مقصد سے ایک روزہ دورہ کیرالا پر یہاں آئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور کہاکہ کیرالا، تلنگانہ، آندھراپردیش، اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومتیں تشکیل دیئے بغیر یہ مہم ادھوری رہے گی۔ انہوں نے چھ لوک سبھا انتخابی حلقوں میں کارکنوں سے خطاب کیا۔ ان کارکنوں نے ان حلقوں میں اپنے کنونشن منعقد کئے تھے۔ تاہم انہوں نے نئے ریاستی بی جے پی صدر کے تقرر کا کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حالانکہ یہ عہدہ کمنم راجاشیکھرن کو مئی کے اواخر میں گورنر میزورام مقرر کرنے کی وجہ سے مخلوعہ ہے۔ امیت شاہ نے کیرالا میں پارٹی کے موقف کا تذـکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی تشدد کے باوجود بی جے پی درست سمت میں پیشرفت کررہی ہے۔