بردوان ۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج ترنمول کانگریس پر اپنے پارٹی ورکرس کے خلاف مظالم ڈھانے اور تشدد برپا کرنے کا الزام عائد کیا۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر دلیپ گھوش نے یہاں بی جے پی اسٹیٹ ایگزیکٹیو میٹنگ میں کہاکہ سارے مغربی بنگال میں اس کی وجہ سے وقفہ وقفہ سے جھڑپیں پیش آرہی ہیں۔ ٹی ایم سی نے سی پی آئی (ایم) کی روش اختیار کرلی ہے کہ سیاسی حریفوں کے خلاف تشدد کو آلہ کار بنایا جائے۔ جب کمیونسٹ اقتدار تھا، تب ریاست میں یہی ہورہا تھا۔ گزشتہ ہفتے اِس ریاست کو اپنے سہ روزہ دورے میں صدر بی جے پی امیت شاہ نے بھی ٹی ایم سی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے جو آزادی کے بعد سے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا۔ گھوش کا الزام ہے کہ ضلع کوچ بہار میں ٹی ایم سی مختلف مقامات پر بی جے پی ورکرس کو نشانہ بنارہی ہے۔ گھوش کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹی ایم سی سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی نے کہاکہ جھڑپیں بی جے پی کی اشتعال انگیزی کے سبب پیش آرہی ہیں۔