پٹنہ ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آج کہاکہ جنتا پریوار کی چھ جماعتوں کا انضمام بی جے پی کی بیدخلی کے لئے ملک کو ایک واضح اشارہ ہے۔ اُنھوں نے اس عہد کا اظہار کیاکہ اراضی بل کے خلاف مہا بھارت جیسی جنگ لڑی جائے گی۔ لالو پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’جنتا پریوار کے انضمام کا مقصد بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کو ہر جگہ سے بیدخل کرنا ہے۔ ہم یہ مہم بہار سے شروع کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہاں انتخابات منعقد ہونے والے ہیں اور سارا ملک اس ریاست کو پوری دلچسپی کے ساتھ دیکھ رہا ہے اور اس (انضمام) سے ملک بھر میں ایک واضح پیام جائے گا‘‘۔ لالو پرساد یادو نے مزید کہاکہ ’’حصول اراضی بل، بیرونی ممالک میں پوشیدہ کالا دھن واپس لانے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے جھوٹے وعدوں پر ہم بی جے پی کے خلاف مہا بھارت میں جنگ لڑیں گے۔ ہم اُنھیں نہیں بخشیں گے۔ اُنھوں (بی جے پی) نے ہمارے کسانوں کے بشمول ہر کسی کو دھوکہ دیا ہے‘‘۔ لالو پرساد جو نئی دہلی سے واپسی کے بعد میڈیا سے خطاب کررہے تھے، کہاکہ 5 اپریل کو ریاستی دارالحکومت میں ان کی پارٹی کی قومی عاملہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں انضمام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
گری راج کے چہرہ پر کالک پوت دی جائے : لالو
پٹنہ ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے متنازعہ تبصروں کی سخت مذمت کرتے ہوئے آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو نے آج یہاں کہاکہ وہ (گری راج) ناشائستگی کے تمام حدود پار کرچکے ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ لالو پرساد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اُنھیں (گیری راج سنگھ کو) چوڑیاں پہناتے ہوئے ان کی مانگ میں سندور ڈالنا چاہئے اور پیشانی پر بندی لگانا چاہئے اور ان کے منہ پر کالِک پوت دی جانی چاہئے‘‘۔ لالو پرساد نے کہاکہ گری راج پہلے ہی کئی مرتبہ متنازعہ ریمارکس کرچکے ہیں۔ سنگھ جیسے لوگوں کو سزا دینے ایک سخت قانون ہونا چاہئے۔ ہندوستان میں لوگ معذرت خواہی پر مطمئن ہوجاتے ہیں لیکن یہ کافی نہیں ہے۔