نئی دہلی 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ’’موت پر سیاست‘‘ میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج بی جے پی کو دھمکی دی کہ وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی کیونکہ وہ دہلی کے وزیر کی سرپرستی کررہی ہے جو ترکمان گیٹ روڈ پر برہمی کے واقعہ میں ملوث ہے۔ عام آدمی پارٹی قائد کمار وشواس نے دہلی پولیس پر بھی تنقید کی جو مرکز کی ماتحت ہے اور اُس پر بے عملی کا الزام عائد کیا۔ اُنھوں نے ادعا کیاکہ پولیس موقع واردات پر دیر سے پہونچی۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی اِس مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے کیونکہ اسمبلی انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک شخص شاہنواز کو سڑک پر برہمی کے واقعہ میں دو دن قبل زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردیا گیا تھا جبکہ اُس کے دو کمسن بچے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔ موٹر سیکل سوار چند افراد مرکزی دہلی کے علاقہ ترکمان گیٹ اتوار کی رات پہونچے تھے اور اُنھوں نے ایک نوجوان شاہنواز کو زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردیا تھا۔ کمار وشواس نے کہاکہ دہلی پولیس حکومت دہلی کے تحت نہیں ہے مرکز کے تحت ہے۔ ہم بی جے پی کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ ایسی کوئی شہادت پیش کرے کہ اِس واقعہ میں عام آدمی پارٹی کا کوئی کارکن ملوث تھے۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ عاپ کے ایک اور قائد سنجے سنگھ نے کہاکہ پارٹی بی جے پی کے خلاف قانونی کارروائی کرنے پر غور کررہی ہے۔ بی جے پی نے چند صحافیوں کو ایس ایم ایس روانہ کئے تھے وہ قابل اعتراض تھے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کیلئے کافی ہیں۔