بی جے پی کھلے مباحث کا چیلنج قبول نہیں کرسکتی: اشوتوش

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج کہاکہ ان کی پارٹی بی جے پی کے پانچ سوالوں کا جواب نہیں دے گی چوں کہ اس نے پہلے ہی زعفرانی پارٹی کی چیف منسٹر امیدوار کرن بیدی کو چیلنج کیا ہے اور اس مسئلہ پر کھلے مباحث کی دعوت دی ہے لیکن کرن بیدی مباحث سے راہ فرار اختیار کررہی ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر اشوتوش نے کہاکہ آخر ہم کو ایک بحث میں کیوں پڑنا چاہئے؟ ہم کھلے چیلنج کے ساتھ کرن بیدی سے مباحث چاہتے ہیں۔ ہم نے ایک کھلے مباحث کے لئے کرن بیدی کو پہلے ہی چیلنج کیا ہے لیکن وہ اس چیلنج سے راہ فرار اختیار کرتی جارہی ہیں کیوں کہ ان کے پاس بحث کرنے کے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انھیں دہلی کے بارے میں کچھ علم نہیں ہے اور اب بی جے پی ہمارے سامنے سوالات کی بوچھار کررہی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے کہاکہ زعفرانی پارٹی کو اپنے سوالات ایک مباحث کے فورم میں پیش کرنے ہوں گے۔

اصل نکتہ یہ ہے کہ اب لاکھوں عوام کے سامنے جو سوالات پوچھیں گے اس کو عوامی مباحث کہا جائے گا۔ اس کھلے مباحثہ میں عوام کی کثیر تعداد موجود ہوگی۔ آخر اُنھوں نے ہمارے کھلے مباحث کے چیلنج کو قبول کیوں نہیں کیا۔ اب ان کی پارٹی پر سوالات کی بوچھار کی جارہی ہے۔ 7 فروری کو مقررہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی ایک ویژن دستاویزات کے ساتھ سامنے آئی ہے اور عام آدمی پارٹی کے صدر اروند کجریوال سے پانچ سوالات کئے ہیں۔ یہ سوالات روز مرہ کی بنیاد پر ہیں۔ 65 سالہ کرن بیدی جنھوں نے اس ماہ کے اوائل میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی اور پارٹی نے انھیں چیف منسٹر امیدوار مقرر کیا تھا، کھلے مباحث کے لئے اروند کجریوال کے چیلنج کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس چیلنج کو قبول کرتی ہیں لیکن ان کی یہ بحث صرف دہلی اسمبلی کے ایوان میں ہوگی، انتخابی مہم کے دوران نہیں۔