نئی دہلی ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) زی نیوز نے اوپنین پول جاری کرتے ہوئے بتایا کہ این ڈی اے سب سے آگے رہے گا اور بی جے پی کو 200 سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی جبکہ کانگریس دوسرے نمبر پر رہے گی۔ بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے بھی راہول گاندھی کو پیچھے کردیا ہے اور وہ 46 فیصد عوام کی پسند ہے۔
زی میڈیا کارپوریشن لمٹیڈ اور تعلیم ریسرچ فاونڈیشن کے اوپنین پول کے مطابق این ڈی اے کو 217 اور 231 کے مابین نشستیں حاصل ہوں گی جبکہ حکمراں یو پی اے اتحاد کو 120تا 133 نشستیں ملیں گی۔ تیسرا محاذ 83 تا 115 نشستیں حاصل کرے گا۔ سروے کے مطابق 21.2 فیصد نے راہول گاندھی کو وزارت عظمیٰ کیلئے اپنی پسند قرار دیا جبکہ عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کجریوال کو صرف 4.2 فیصد کی تائید حاصل ہوئی ۔ اس سروے میں 21 ریاستوں میں پھیلے ہوئے 56 پارلیمانی حلقوں کا احاطہ کیا گیا ہے ۔