نئی دہلی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج بی جے پی۔ آر ایس ایس کو ملک میں ’’نفرت پھیلانے‘‘ کا موردِ الزام ٹھہرایا اور عہد کیا کہ اُن کی پارٹی دونوں حریفوں کے نظریہ کو کامیاب ہونے نہیں دے گی۔ ایک ٹویٹ میں صدر کانگریس نے محبت و بھائی چارہ کا پیام دیا اور یشپال سکسینہ اور امام عماد الرشیدی کے بیانات کا حوالہ دیا، جو حالیہ فرقہ وارانہ تشدد میں اپنے بیٹوں کو کھوچکے ہیں۔ امام رشیدی کا 16 سالہ بیٹا مغربی بنگال کے آسنسول میں اتوار کو رام نومی تقاریب کے بعد پیش آئے تشدد میں مارا گیا ۔ یشپال کا بیٹا انکیت دہلی میں یکم فبروری کو اُس فیملی کے ہاتھوں ہلاک ہوا، جس کی لڑکی سے اُسے معاشقہ ہوگیا تھا۔ راہول نے ہندی میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بیٹوں کو نفرت اور فرقہ وارانہ تشدد کی وجہ سے کھودینے کے باوجود دونوں نے یہی پیام دیا ہے کہ ہندوستان میں محبت کی ہمیشہ نفرت کے خلاف آخرکار جیت ہوگی۔