بی جے پی کو مہاراشٹرا میں واضح اکثریت حاصل ہوگی : جواڈیکر

تھانے ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پرکاش جواڈیکر نے انتہائی پراعتماد لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ 15 اکٹوبر کو مہاراشٹرا میں منعقد شدنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا اصل مقابلہ کانگریس اور این سی پی کے علاوہ ان پارٹیوں کے ذریعہ کی گئی حکومت کے طریقہ کار کے خلاف ہے۔ جب اخباری نمائندوں نے ان سے پوچھا کہ کیا پارٹی اپنی سابقہ حلیف جماعت شیوسینا کے خلاف لڑے گی تو انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ کانگریس، ایان سی پی اور ناقص انتظامیہ کے خلاف ہے۔ انہوں نے البتہ یہ بات ضرور کہی کہ بی جے پی نے یہ فیصلہ کرلیا ہیکہ وہ اپنی سابقہ حلیف جماعت شیوسینا کے خلاف کوئی تبصرہ نہیں کرے گی جس کے ساتھ بی جے پی نے گذشتہ ہفتہ اپنا 25 سالہ اتحاد ختم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کانگریس اور این سی پی کو جڑوں سے اکھاڑنے کی خواہاں ہے۔