بنگلور ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی قائدین نے آج یہاں پارٹی کے پہلے قومی عاملہ اجلاس کیلئے ایجنڈہ کو قطعیت دی ہے۔ مرکز میں بی جے پی کے اقتدار کے بعد یہ اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں پارٹی صدر امیت شاہ نے پارٹی ورکرس اور قائدین سے ایجنڈہ پر بات چیت کی۔ 3 اور 4 اپریل کو منعقد ہونے والے اس اجلاس کیلئے ایجنڈہ تیار کیا گیا ہے۔ امیت شاہ نے پارٹی قائدین سے کہا کہ بی جے پی اپنی رکنیت سازی مہم کے ذریعہ 10 کروڑ ارکان کو رکن بنایا ہے۔ یہ پارٹی اب دنیا کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ بی جے پی صدر نے دو روزہ اجلاس میں پیش کئے جانے والے دو قراردادوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی آج اجلاس کی روداد کا جائزہ لیں گے اور پارٹی کے کارکنوں اور قائدین سے مخاطب کریں گے۔
اس اجلاس میں پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی، ارکان کونسل کرناٹک کو مدعو کیا گیا ہے۔ پارٹی قائدین نے بی جے پی کو مضبوط بنانے کیلئے صدر بی جے پی امیت شاہ کی کوششوں کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ امیت شاہ نے بی جے پی کو دنیا کی سب سے بڑی پارٹی بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امیت شاہ نے جب سے پارٹی کی قیادت سنبھالی ہے، بی جے پی میں رکنیت سازی کی مہم تیز ہوئی ہے۔ شاہنواز جب اخباری نمائندوں سے بات کررہے تھے،
اجلاس کے مقام کے باہر کانگریس ورکرس احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کل سونیا گاندھی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے تھے، جس پر برہم ہوکر کانگریس قائدین احتجاج کررہے تھے۔ شاہنواز نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کو ملک بھر میں طاقتور بنایا جائے گا۔ بعض ریاستوں میں جہاں بی جے پی نے اپنی رکنیت سازی میں 3 تا 7 گنا کا اضافہ کیا ہے، وہاں پر پارٹی کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اسی دوران کانگریس نے بی جے پی رکنیت سازی مہم کو فرضی قرار دیا ہے۔ شاہنواز کا کہنا ہیکہ ان کی حریف پارٹی کو خود سے ڈر ہے بی جے پی سے نہیں۔ کانگریس قائدین کو بی جے پی کے بارے میں فکر کرنی نہیں چاہئے۔ آخر ہمارے حریف اتنی فکر کیوں کررہے ہیں۔ ہماری رکجنیت سازی مہم کی تصدیق کیلئے ہم تیار ہیں۔ قومی عاملہ اجلاس کا کل صدر پارٹی امیت شاہ کے ہاتھوں آغاز ہوگا جہاں وزیراعظم نریندر مودی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ قومی عاملہ اجلاس کے دوران دو قراردادیں منظور کی جائیں گی۔