بھوپال،30جنوری(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیڈروں کو رام مندر مسئلہ ہمیشہ الیکشن کے وقت ہی کیوں یاد آتا ہے ۔ کمل ناتھ نے یہاں میڈیا سے کہا کہ کہ بی جے پی کواقتدار میں آئے چار برس سے زیادہ وقت ہوچکا ہے لیکن بی جے پی لیڈروں کو اس دوران رام مندر مسئلہ یاد نہیں آیا مگر جب بھی الیکشن قریب آتے ہیں انہیں اچانک اس کی یاد آجاتی ہے ۔ایک دیگر سوال کے جواب میں کمل ناتھ نے کہا کہ اس بات کا دکھ ہے کہ بی جے پی نے اپنے 15برسوں کے دور اقتدارمیں ایک بھی سرکاری گوشالا نہیں بنوائی۔جبکہ موجودہ کانگریس حکومت نے اپنے انتخابی منشور کے مطابق کل ایک ہزار سرکاری گوشالائیں بنوانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس پر تیزی سے عمل کیاجائے گا۔گوشالا بنوانے کا ہدف طے کردیا گیا ہے اور ہر ماہ اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمل ناتھ نے بتایا کہ ان سے تین چار اضلاع کے کسانوں نے ملاقات کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کوئی قرض نہیں لیا ہے ۔اس کے باوجود ان کے نام کے آگے قرض چڑھا ہوا ہے ۔اس سے معلوم ہوتا ہے کہ سابقہ حکومت میں فرضی قرض سے متعلق گھپلہ ہوا ہے ۔