نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی پر دہلی میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کے ذریعہ حکومت تشکیل دینے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی نے آج کہا کہ وہ اس معاملہ میں صدر جمہوریہ کی مداخلت پر زور دیگی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بی جے پی کو کسی بھی حال میں لیفٹننٹ گورنر دہلی کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت نہ ملنے پائے ۔ پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی کس طرح سے حکومت بنائیگی ؟ ۔ یقینی طور پر وہ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت اور توڑ جوڑ کا راستہ اختیار کریگی ۔ ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوششیں بالکل غلط ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہر رکن اسمبلی کو 20 کروڑ روپئے ادا کرتے ہوئے پیسے کی طاقت پر انہیں خریدنا چاہتی ہے ۔ اروند کجریوال نے سوال کیا کہ لیفٹننٹ گورنر نے کس بنیاد پر بی جے پی کو حکومت تشکیل دینے کیلئے مدعو کیا ہے ۔
انہوں نے گورنر کی جانب سے در اصل عمدا کوشش ہو رہی ہے کہ بد دیانتی کے ذریعہ حکومت قائم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ لیفٹننٹ گورنر کہتے ہیں کہ وہ بی جے پی کو تشکیل حکومت کی دعوت دینا چاہتے ہیں۔ ایسا کرنے کی بنیاد کیا ہے ۔ کیا انہوں نے ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کردکھائی ہے ۔ غلط راستے سے حکومت بنانے کی یہ عمدا کوشش ہے ۔ ایسے میں ہم آج صدر جمہوریہ سے ملاقات کرنے والے ہیں اور ان سے خواہش کرینگے کہ بی جے پی کو کسی بھی حال میں حکومت سازی کی دعوت نہ دی جائے ۔ کہا گیا کہ لیفٹننٹ گورنر نے صدر جمہوریہ کو دہلی کے حالات پر تفصیلی رپورٹ روانہ کرتے ہوئے بی جے پی کو تشکیل حکومت کا موقع دئے جانے کی اجازت طلب کی تھی اور یہ اشارے مل رہے
ہیں کہ انہیں یہ اجازت مل جائیگی ۔ دہلی میں 17 فبروری سے صدر راج نافذ ہے ۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کی جانب سے نجیب جنگ کی جانب سے بی جے پی کو موقع دینے کی کوششوں پر سخت تنقید کی گئی ہے ۔ کجیروال نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی سے کہا گیا ہے کہ اگر بی جے پی کی جانب سے کوئی بھی ان سے خرید و فروخت کیلئے رابطہ کرے تو اسٹنگ آپریشن کیا جائے اور سارا کچھ ریکارڈ کیا جائے ۔ اس کے ٹیپس کو بعد میں جاری کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈز ایسے وقت جاری کئے جائیں گے جب ایوان اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا موقف واضح ہے کہ دہلی میں دوبارہ انتخابات کروائے جانے چاہئیں کیونکہ وہاں کسی بھی جماعت کو اکثریت حاصل نہیں ہے ۔ ایسے میں عوام کی رائے حاصل کرنا ضروری ہے ۔بی جے پی کو چور راستے سے اقتدار حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے ۔
دہلی میں حکومت بنانا غیر اخلاقی نہیں
نئی دہلی / جموں 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی صدر امیت شاہ نے دہلی میں بی جے پی حکومت قائم کرنے کی کوششوں کی مدافعت کی اور کہا کہ ایسا کرنے میں کوئی غیر اخلاقی بات نہیں ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی کہا کہ جب گورنر کی جانب سے دعوت موصول ہوگی تو اس تعلق سے غور کیا جائیگا ۔ امیت شاہ نے ٹی وی چینل سے کہا کہ چونکہ بی جے پی واحد بڑي جماعت ہے اس لئے یہ اس کا حق ہے کہ وہ دہلی میں اپنی حکومت قائم کرے ۔