بی جے پی کو اقتدار کے امکان سے کانگریس کانپ رہی ہے

حکمراں جماعت کے قائدین کوغلطیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگا ، راجستھان میں مودی کا خطاب

چمن گڈہ ۔ 14 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی نے آج دعویٰ کیا کہ ان کے برسراقتدار آنے کے امکانات سے کانگریس کانپ رہی ہے اور اس کے قائدین کو خبردار کیا کہ 16 مئی کے بعد انھیں اپنی غلطیوں کی قیمت ادا کرنا ہوگا ۔ بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نے کہا کہ برسراقتدار جماعت کو بیدخل کرنے کیلئے اتحاد تشکیل دینا مختلف سیاسی جماعتوں کے لئے عام بات ہے لیکن انھیں ( مودی کو ) اقتدار پر آنے سے روکنے کیلئے اب مختلف سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے قریب ہورہی ہیں۔ مودی نے راجستھان کے ضلع مکر کے لچھن گڈھ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیا آپ جانتے ہیں آخر کیوں ؟ کانگریس کانپ رہی ہے ۔ وہ (کانگریس ) جانتے ہیں کہ 16 مئی ( ووٹوں کی گنتی کے دن) کو انھیں جانا ہوگا ۔ انھوں نے بہت لوٹا ہے ۔ اب انھیں حساب دینا ہوگا‘‘ ۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے راہول گاندھی کی خاطر ملک کو قربان کررہی ہیں۔ مودی نے سونیا گاندھی کا نام لئے بغیر کہا کہ ’’بہادر سپوتوں کی اس دھرتی پر مائیں اپنے بچوں کو ملک پر قربان کرتی ہیں لیکن دہلی میں ایک ماں ہے جو اپنے بیٹے کیلئے ملک کو قربان کررہی ہے‘‘ ۔ واضح رہے کہ مکر ، جھنجھنو ، چرو اور قریبی علاقوں میں ایسے ہزاروں خاندان زیادہ ہیں جن کے ارکان فوج سے وابستہ رہے ہیں۔ مودی نے امبیڈکر جینتی کے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آج راہول کو بھی نشانہ بنایا اور ان پر امبیڈکر کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا ۔ مودی نے کہا کہ راہول یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ انھوں نے عوام کو حقوق دیئے ہیں۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ امبیڈکر نے اپنے مدون کردہ دستور میں عوام کو تمام حقوق دیئے ہیں۔ مودی نے کہا کہ ’’اگر امبیڈکر ہمیں حقوق نہیں دیتے تو انتہائی پسماندہ ترین طبقہ سے تعلق رکھنے والا مجھ جیسا شخص آپ کے سامنے یہاں کھڑا نہیں ہوسکتا تھا ۔ شہزادہ ( راہول ) ان ( امبیڈکر) کی توہین کررہے ہیں ۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’میں نے آپ کو حق دیا ہے ‘‘ ۔ انھوں نے کہاکہ ’’اگر میڈم سونیا کی حکومت دستور میں حاصل تمام حقوق دی ہوتی تو ملک کے شہریوں کی ایسی حالت نہ ہوتی ‘‘ ۔ مودی نے کانگریس سے ملک کو یہ بتانے کا مطالبہ کیا کہ وہ کون ہے جس نے وزیراعظم کو خاموش کیا اور انھیں ان کے آزادی اظہارخیال کی آزادی سے محروم کیا۔ مودی نے کہا کہ دستور نے ہمیں اظہارخیال کی آزادی دی ہے لیکن وزیراعظم کو اس حق سے کس نے محروم کیا۔ وہ کون ہے جس نے ان (وزیراعظم) کے منہ پر قفل ڈالا ہے ؟۔