بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھو : پرکاش راج ، رچا سنگھ اور جگنیش میوانی کی اپیل

منگلور ۔ /29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سوابھی مانی سماویشانامی ایک بیداری اجلاس میں سیکولر ذہنیت رکھنے والے دانشور افراد جگہ جگہ پہنچ کر عوام کو ووٹنگ کی جہاں اہمیت بتارہے ہیں وہیں فرقہ پرست طاقتوں کو شہہ دینے والی پارٹیوں سے دور رہنے کی بھی اپیل کررہے ہیں ۔ کل یہاں بنٹوال اور الال میں منعقدہ دو الگ الگ بیداری تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف زبانوں کے مشہور فلمی اداکار پرکاش راج اور الہ آباد یونیورسٹی کی سابق یونین لیڈر رچا سنگھ اور پسماندہ طبقات کے لیڈر جگنیش میوانی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھا جائے ۔ اس موقع پر جگنیش میوانی نے نریندر مودی کو چیلنج کیا کہ وہ ان سے کھلے مباحث کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 22 سال گجرات میں ان کے دورِ اقتدار میں کیا سب گھوٹالے ہوئے اس کی تفصیلات وہ لوگوں کے سامنے رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دکشن کنڑا کے لوگ مودی سے پوچھیں کہ دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا مسئلہ کہاں تک حل ہوا ، انہوں نے کہا کہ جب مودی کا دورہ ہو تو ان کو واپس خالی ہاتھ نہ بھیجیں ۔ ان سے سوال کریں کہ روزگاری دینے کا وعدہ کیا ہوا ؟ پھر ان کو واپس بھیجا جائے ۔