بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس کچھ بھی کرسکتی ہے: راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی ۔ 20 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کو عین عام انتخابات سے قبل ایک زبردست سیاسی فائدہ ہوا ہے کیونکہ بہار سے لوک سبھا کے وہ موجودہ آزاد ارکان پوتول کماری اور اوم پرکاش یادو نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ پوتول کماری جو نومبر 2010 ء میں اپنے شوہر اور ایم پی وجئے سنگھ کے انتقال کے بعد بنکا حلقہ سے انتخابات جیت کر ایم پی بن گئی تھیں، انہوں نے صدر پارٹی راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی جبکہ پہلی بار ایم پی بننے والے اوم پرکاش یادو لوک سبھا میں سیوان کی نمائندگی کرتے ہیں، نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ جے ڈی (یو) کے ساتھ بہار میں بی جے پی کا اتحاد ختم ہونے کے بعد پارٹی اس ریاست میں اپنے استحکام اور کیڈر کو مضبوط کرنے مصروف ہے جس میں اسے جزوی کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے ۔ دوسری طرف سیاسی تجزیہ نگاروں اور دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے سیاسی وقار میں بے شک اضافہ ہوا ہے

کیونکہ مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے سیاسی قائدین نے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ لہذا ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ آنے والے کچھ دنوں میں پارٹی میں مزید قائدین کے شامل ہونے کی توقع ہے ۔ دو نئے ایم پیز کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عوام کانگریس سے بیزار ہوچکے ہیں اور حکومت میں تبدیلی کے خواہاں ہیں اور کانگریس نے بھی کم و بیش اس حقیقت کو تسلیم کرلیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں اس کی شکست ہوگی، جیسا کہ میں نے اجلاس کے دوران کہہ دیا تھا کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کانگریس کسی بھی گھناونے اقدام سے بھی باز نہیں آئے گی ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی اس وقت ملک کے مقبول ترین قائد ہیں۔