بی جے پی کو اقتدار حاصل کرنے سے روکنا بہت ضروری: اکھلیش

لکھنؤ۔/8 اپریل، (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کے لئے یہ ضروری ہے کہ ہم مرکز میں بی جے پی کو اقتدار پر آنے نہ دیں۔ میڈیا کو دیئے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بی جے پی کا انتخابی منشور جاری کیا جاچکا ہے لہذا اب یہ

اور زیادہ ضروری ہوگیا ہے کہ بی جے پی کسی بھی قیمت پر مرکز میں برسر اقتدار نہ آئے خاص طور پر ایک ایسے وقت جب ایسے کئی سوالات ہیں جن کے جوابات دینے کے موقف میں ملک نہیں ہے۔ بی جے پی اب رام مندر کی تعمیر کا وعدہ کررہی ہے۔ یہ کوئی چھوٹا موٹا معاملہ نہیں ہے بلکہ ایک بڑا اور اہم معاملہ ہے۔ آج ملک کے عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ کیا ملک کی ترقی کا فائدہ ہر ایک آدمی تک پہنچے گا۔ ملک کے کسانوں کو مالی تعاون کی ضرورت ہے۔ ایسے لوگوں کی کمی نہیں ہے جو سماج کے محروم طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں اور جنہیں ہماری ہمدردی اور تعاون کی ضرورت ہے۔ ان سب باتوں کی بجائے بی جے پی رام مندر کی تعمیر کی بات کررہی ہے۔

یاد رہے کہ بی جے پی نے پیر کے روز پارٹی کے انتخابی منشور کا تاخیر سے اجراء کیا جبکہ کئی علاقوں میں نو مرحلوں میں منعقد کئے جانے والے انتخابات کے پہلے مرحلہ میں رائے دہی کا بھی آغاز ہوگیا۔ 40صفحاتی انتخابی منشور کے اہم نعروں میں ’’ ایک بھارت۔ شریشٹھ بھارت‘‘ اور ’’ سب کا ساتھ ۔ سب کا وکاس‘‘ اہمیت کے حامل ہیں۔ اپنے منشور میں بی جے پی نے عوام سے یہ وعدہ بھی کیا کہ دستور ہند کے دائرہ میں رہتے ہوئے۔ پارٹی رام مندر کی تعمیر کو مکمل کروائے گی۔ الیکشن کمیشن نے بھی واضح کردیا تھا کہ رائے دہی کے روز بھی کسی پارٹی کے لئے اپنے انتخابی منشور کی اجرائی پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن اس منشور کا ٹیلی کاسٹ یا دیگر طریقوں سے تشہیر ان علاقوں میں نہیں ہونی چاہیئے جہاں رائے دہی کا عمل جاری ہو۔