بی جے پی کا ہندوتوا کارڈ استعمال کرنے کا منصوبہ

متنازعہ یوگی ادتیہ ناتھ کو یوپی ضمنی انتخابات کی ذمہ داری
لکھنؤ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے پھر ایک مرتبہ ’’ہندوتوا کارڈ‘‘ استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے چنانچہ ضمنی انتخابات میں یوگی اَدتیہ ناتھ کو اہم ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔ مشرقی اُترپردیش میں وہ ہندوتوا کا حقیقی چہرہ تصور کئے جاتے ہیں اور ماضی میں وہ کئی مرتبہ تنازعات میں گھرے رہے۔ اُترپردیش کے 11 اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں جہاں یوگی ادتیہ ناتھ بی جے پی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ وہ ہندوتوا ایجنڈہ پیش کرتے ہوئے سماج میں فرقہ وارانہ تقسیم پیدا کرسکتے ہیں۔ اُن کے ایجنڈے میں غیرقانونی گاؤ ذبیحہ، غیرقانونی بنگلہ دیشی مداخلت کاری اور جبری مذہبی تبدیلی شامل ہیں۔ بی جے پی نے حال ہی میں ’’لَو جہاد‘‘ کے ذریعہ تنازعہ کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی۔