جموں۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کہا کہ عالمی برادری کو سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کے ان کے اپنے ملک میں دیئے ہوئے بیان کا سخت نوٹ لینا چاہئے کہ پاکستان نے جموں و کشمیر میں دہشت گرد کارروائیوں کیلئے عسکریت پسندوں کو تربیت دی تھی اور ان کی دہشت گردی کی سرپرستی کی تھی۔ ریاستی بی جے پی کے ترجمان ویریندر گپتا نے کہا کہ مشرف کا اعتراف ہندوستان کے موقف کی توثیق ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کرناچاہئے اور اسے سرکش مملکت قرار دینا چاہئے۔ مشرف نے حال ہی میں پاکستان کے ایک چینل پر یہ بیا ن دیا تھا۔