بی جے پی کا ووٹ تناسب گھٹ گیا، کانگریس کو فائدہ

نئی دہلی ، 12 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے بھلے ہی تین اہم ریاستیں کانگریس کے حق میں ہار دیئے، لیکن اس کا ووٹ تناسب پوری طرح سب سے قدیم پارٹی کو منتقل نہیں ہوا بلکہ بعض دیگر نے بھی فائدہ اٹھایا ہے۔ دلچسپ امر ہے کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو حاصل ہونے والے ووٹوں کا تناسب کانگریس کے مقابل کچھ بڑھ کر ہے، جبکہ راجستھان میں بی جے پی کا تناسب کچھ حد تک کم ہے۔ حالیہ اسمبلی انتخابات کے ووٹ تناسب کا 2014ء کے جنرل الیکشن کے ساتھ تقابل کریں تو بی جے پی کی ناکامی زیادہ بڑی ہے، کیونکہ اس نے تمام تینوں ریاستوں میں 65 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 62 جیت کر عملاً حریفوں کا صفایا کردیا تھا۔ تلنگانہ اور میزورم میں علاقائی پارٹیاں حاوی ہیں جنھیں شاندار جیت حاصل ہوئی جو مابعد 2014ء کا رجحان ہے جسے کئی ریاستوں میں واضح طور پر دیکھا گیا ہے جہاں غیربی جے پی اور غیرکانگریس پارٹیوں کا اچھا اثر ہے۔ سیاسی مبصرین نے کہا کہ اس رجحان سے اشارہ ملتا ہے کہ طاقتور علاقائی قائدین 2019ء میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔